راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ٹرینیں بند ہونے سے ریلوے کا ہر ہفتے ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ احساس پروگرام میں ان لوگوں کو پیسےمل رہے ہیں جو رجسٹرڈ ہیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کرونا سے جو دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوا ہے اس کا تو لسٹ میں نام نہیں ہے، دیہاڑی دار طبقے کو پیسے ملنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانوں کی جان بچالو معیشت کو بچالو،کرونا وائرس پھیل گیا تو جنازے نہیں سنبھالے جائیں گے،کرونا وائرس سے امریکا کی چیخیں نکل گئی ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک لاکھ 65 ہزار لوگوں کو اپنےگھروں کو پہنچایا، ہم نے آخری وقت تک لوگوں کو ٹرین کی سہولت دی، بھارت میں لوگ 300 کلو میٹر پیدل چل کر مرے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹرینیں بند ہونے سے ہر ہفتے ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 15اپریل سے کچھ ٹرینیں چلانے کی تجویز ہے۔