بدھ, فروری 26, 2025
اشتہار

بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری، سردی کی شدت میں مزید اضافے کی پیش گوئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ملک میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ برفباری کےباعث بند کی جانے والی لواری ٹنل کھول دی گئی اور چترال کا ملک سے زمینی رابطہ بحال ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں سمیت شمالی علاقہ جات میں سردی نے ڈیرے جمالئے ہیں، لاہور اور اسلام آباد میں ٹھنڈی ٹھار ہواوں نے سردی کا مزہ دوبالا کردیا ہے۔

بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں برفباری کے بعد درجہ حرارت منفی چار ہوگیا جبکہ بلوچستان کے شمالی علاقوں نے بھی برف کی چادر اوڑھ لی، جس کے باعث ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی اور کوئٹہ سمیت متعدد اضلاع میں بجلی بند ہوگئی۔

قلات اور لاڑکانہ میں بھی بارش کاسلسلہ جاری ہے، چمن میں بارش برسانے والی ہواوں نے ڈیرہ ڈال لیا، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، زیارت سمیت مختلف علاقوں میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، بیشتر علاقوں درجہ حرارت صفر پر پہنج گیا ہے۔

اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں برفباری نے سیاحوں کی موجیں کرادیں، برف سے ڈھکے پہاڑ وں نے منظر اور دلکش بنادیے، کالام میں کئی انچ برف پڑ چکی ہے ، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں میں بلوچستان میں اکثر مقامات پر جبکہ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

بلوچستان میں آج (ہفتہ) سے اتوار کے دوران اکثر مقامات پر، سندھ میں آج ہفتہ کے روز چند مقامات پر، اسلام آباد، بالائی پنجاب میں اتوار سے بدھ کے دوران کہیں کہیں، جنوبی پنجاب میں بھی ہفتہ اور اتوار کے روز چند مقامات پر، جبکہ خیبر پختونخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان میں ہفتہ سے بدھ کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

برفباری کے باعث چترال، سوات ، گللت ، لواری ٹنل سمیت ملک کے دیگر سیر و تفتریح کے مقامات بند ہوگئے.۔سیکڑوں گاڑیاں برف سے ڈھکی سٹرکوں میں پھنس گئیں. جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کردی ہے۔

یہاں پڑھیں: ذرا سی بارش: کراچی میں بجلی غائب، سڑکوں‌ پر پانی، ٹریفک جام

دوسری جانب کراچی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی بارش کا سلسلہ جاری رہےگا، شہرقائد میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

تاہم ہلکی بارش نے کراچی انتظامیہ کا پول کھول دیا ہے. کراچی موسم سرما کی پہلی برسات برداشت نہ کرسکا۔ انتظامی بدنظمی کے شکار کراچی کی گلیاں، محلے ندی نالوں کا منظرپیش کر رہے۔

بارش سے کےالیکٹرک کی کاردگی بھی دھل گئی، متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، جس کے باعث کئی علاقوں میں شہری بجلی سے محروم رہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں