اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم مزید سرد اور معمولات زندگی معطل ہوگئے ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ مردان، نوشہرہ، سوات، مالا کنڈ، لکی مروت اور ڈیر اسمعٰیل خان میں موسلا دھار بارش ہوئی۔
مالا کنڈ میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ کوہاٹ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارشوں سے معمولات زندگی سخت متاثر ہیں جبکہ بجلی کا نظام بھی معطل ہوگیا ہے۔
دوسری جانب بٹو گاہ ٹاپ، بابوسر ٹاپ اور دیگر علاقوں میں برفباری جاری ہے، 2 فٹ سے زائد برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔
پاک افغان سرحدی علاقے دیر بالا میں 30 انچ تک برف باری ہوئی، بٹگرام میں تین دن سے بارش اور برفباری جاری ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ندی اور نالوں میں پانی کی سطح 24 گھنٹے مانیٹر کی جائے۔ برفباری والے علاقوں میں ذرائع آمد و رفت کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ادھر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بارش کا سلسلہ ختم ہوگیا تاہم بارش کے بعد یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں، کوئٹہ میں درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ صوبے کے شمال مشرقی کچھ اضلاع میں بارش کا امکان بھی ہے۔
فی الوقت زیارت میں درجہ حرارت 0، قلات میں 5 اور دالبندین میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
صوبہ پنجاب کے شہروں راولپنڈی اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش اور اوکاڑہ، عارف والا اور پتوکی میں بوندا باندی ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔
شہر میں ہوا کی رفتار 14 کلو میٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔