اسلام آباد /کوئٹہ / لاہور : ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ کوئٹہ میں کالی گھٹائیں خوب جم کر برسیں تو موسم ٹھنڈا ٹھار ہوگیا۔
گرمی کا زور ٹوٹا اور بارش کا سلسلہ چل پڑا۔ شام کے وقت اسلام آباد اورگرد و نواح میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہو گئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے اتوار تک بارشوں کی نوید سنا دی، اسلام آباد میں بارش کی ٹھنڈی ٹھنڈی بوندوں نے گرمی کو گڈ بائے کہہ دیا۔
بارش پر ژالہ باری کا تڑکا لگا تو شہر حسین منظر پیش کرنے لگا، علاوہ ازیں ملک کے اکثر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، آج سبی اور تربت میں پارہ 47 ڈگری تک جا پہنچا۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ وسطی اور بالائی علاقوں میں داخل ہو گیا، لاہور میں بھی جھلسا دینے والی گرمی نے شہریوں کو بے حال کر دیا۔
بعد ازاں لاہور میں بھی رم جھم کی پھوار نے گرمی سے ستائے شہریوں کا موڈ خوشگوار کردیا۔ کوئٹہ میں بھی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔
تیزہواؤں اور کالی گھٹاؤں کے ساتھ موسم نے رت بدلی تو گرمی سے پریشان شہریوں نے بھی بارش کو دل کھول کر انجوائے کیا۔