اسلام آباد : ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے خشک سالی کا خطرہ ٹل گیا اور جاتی سردی لوٹ آئی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اوراسلام آباد میں علی الصبح بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد جاتی سردی لوٹ آئی۔
بارش کے باعث طویل خشک سالی کا خاتمہ ہوگیا ، خشک سالی کے خاتمہ پر چہرے کھل اٹھے، بارش کے بعد خشک سالی کی وجہ سے پھیلی بیماریوں کا بھی خاتمہ متوقع ہے۔
رات گئے لاہور،فیصل آباد، سرگودھا، اوکاڑہ، پاکپتن، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان میں سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات گئے بادل برس پڑے۔
کوئٹہ،پشاور،سبی، کوہلو سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی ہلکی بارش ہوئی جبکہ سوات میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برفباری کاسلسلہ جاری ہے۔
راولپنڈی میں بارش سے خشک سالی ایمرجنسی ختم ہوگئی اور خطرہ ٹل گیا تاہم شہری پانی کا استعمال انتہائی احتیاط سے کریں گاڑیوں اور فرش دھونے اور پانی کے ضیاع پر پابندی کا اطلاق جاری رہے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
بارش کے نتیجہ میں زیر زمین پانی کے لیول میں بہتری آئے گی اور اگر بارش کا سلسلہ مسلسل جاری رہا تو پانی کے ذخائر اور زیر زمین پانی کے لیول میں بہتری کی توقع ہے جبکہ خان پور ڈیم راول ڈیم میں پانی میں کی آمد میں اٖضافہ متوقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور دیر، چترال، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب ، اسلام آباد،بالائی خیبرپختونخوا ،کشمیر اورگلگت بلتستان میں اکژ مقامات پروقفے وقفےسےتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے
اس دوران چندمقامات پر شدید بارش اور برفباری جبکہ خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گر ج چمک کے ساتھ وقفے وقفےسے بارش متوقع ہے تاہم اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے اور بلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔