سندھ ہائیکورٹ نے صوبے میں بارش کی تباہ کاریوں کے خلاف دائر پٹیشن کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ ودیگر کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے جے یو آئی کے مقامی رہنما محمد صالح اندھڑ کی جانب سے صوبے میں بارش سے ہونے والی تباہ کاریوں کے خلاف دائر پٹیشن کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو 14 ستمبر کے نوٹس جاری کردیے ہیں۔
عدالت عالیہ نے وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ بلدیات، صحت، خزانہ کے وزرا کو نوٹس جاری کیے ہیں اس کے ساتھ ہی متعلقہ سیکریٹریز، چیف انجینئرز، کمشنرز، ڈی سیز اور پولیس افسران کو بھی نوٹس جاری کیے ہیں۔
عدالت نے درخواست کی سماعت 14 ستمبر کو مقرر کر دی ہے، جسٹس ظفر احمد راجپور اور جسٹس شمس الدین عباسی سماعت کریں گے۔
واضح رہے کہ فوکل پرسن کے مطابق بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کا سروے جاری ہے۔
7 ستمبر تک جاری رپورٹ کے مطابق سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے 583 افراد جاں بحق جبکہ 11 ہزار 556 افراد زخمی اور 45 ہزار 483 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
بارشوں کے باعث 16 لاکھ 81 ہزار 380 مکانات کو نقصان پہنچا، 44 لاکھ 26 ہزار 431 ایکڑ پر کاشت کی گئی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ فوکل پرسن کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر بارشوں سے 235 تعلقہ اور 1051 یونین کونسلز متاثر ہوئی ہیں۔