کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج اور کل تیز ہوائیں چلنے اور بارش کی پیش گوئی کردی ، بارش کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم آج کراچی میں داخل ہوگا، جس کے باعث شہرقائد میں آج اور کل تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانببارش برسانے والے سلسلے کے داخل ہونے کے بعد سے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں گذشتہ رات سے مسلسل بارش جاری ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے ہرنائی کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہرنائی پنجاب شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔
چمن میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ چاغی میں طوفانی ہواؤں کے باعث بجلی کے متعدد کھمبے گرگئے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
قلعہ عبداللہ،گلستان،دوبندی میں بارش سےنشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ مکان کی چھت گرنے سےمیاں بیوی زخمی ہوگئے۔