کراچی: شہر قائد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آج شام میں یا رات میں تیز بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی شہر میں مطلع مکمل اور جزوی ابر آلود رہے گا، موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ دن میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، شہر میں 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جب کہ دن میں ہوائیں 20 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔
موسمیات کے مطابق ملک بھر میں آج بھی کہیں ہلکی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے، موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیش تر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز بارش متوقع ہے۔
آج صبح سے لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں آئندہ 3 روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
دوسری طرف کوہلو سمیت مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے کوہلو کے پکنک پوائنٹس اور ڈیمز کے اطراف دفعہ 144 نافد کر دی ہے۔