کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے بعد شہر سے پانی کی نکاسی کیلئے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے جاسکے، کچروں سے بھرے نالوں کی صفائی نہ ہو سکی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پر کالے بادلوں کا گشت جاری ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آج رات سے تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، آج رات سے شہر میں کسی بھی وقت تیز بارش کا امکان ہے۔
اس حوالے سے کے ایم سی انتظامیہ کی جانب سے بارش سے نمٹنے کے اقدامات زبانی جمع خرچ سے آگے نہ بڑھ سکے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کچرے سے بھرے نالوں کی صفائی نہ ہوسکی، تیز بارش ہوئی تو پانی کہاں جائے گا؟ گزشتہ سال کی طرح کراچی میں برساتی نالے ایک بار پھر مکمل طور پر صاف نہیں کئےجا سکے ، تیزبارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب اور شہری زندگی مفلوج ہونے کا خدشہ ہے۔
نکاسی آب کا نظام سوالیہ نشان بن گیا؟ محکمہ موسمیات نے بہت پہلے خبردار کردیا تھا کہ بارش بہت تیز اور بے حساب ہوگی لیکن انتظامیہ نے اس پر زیادہ دھیان نہ دیا۔
دعوؤں کے باوجود شہر قائد کے بڑے نالوں میں بے شمار کچرا پڑا ہے جو بارش کے بعد نالوں کو بند کرنے اور نکاسی آب میں رکاوٹ کا سبب بنے گا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے مختلف علاقوں گارڈن ایریا، لسبیلہ، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی کااچانک دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
ناقص سیوریج نظام اور برساتی نالوں کی خراب صورتحال کے باعث کراچی کے نشیبی علاقوں کے پانی میں ڈوب جانے کا خدشہ ہے جس سے شہری زندگی مفلوج ہونے کاامکان ہے۔