اسلام آباد : ملک میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہونے کو تیار ہے، جس سے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق طویل خشک موسم کے بعد ملک میں بارشوں کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ 19 فروری سے ملک میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے سسٹم کے باعث 19 اور 20 فروری کو بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ 19 سے 21 فروری کے دوران گلگت بلتستان میں بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے جبکہ چترال، دیر،سوات ،پشاور چارسدہ میں بارش متوقع ہے۔
اس دوران مری، گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد ، ملتان، ڈیرہ غازی خان ، مظفرگڑھ، بہاولنگر میں بارش کی توقع ہے۔
18 اور 19 فروری کے دوران کوئٹہ، زیارت میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری متوقع ہے جبکہ بالائی کے پی، پنجاب اور کشمیر میں بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔