کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا، بارش کا سلسلہ آج رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش بھی ہورہی ہے، سہراب گوٹھ، فیڈرل بی ایریا، عزیز آباد، گلشن اقبال، جمشید ٹاؤن، بہادرآباد، گلستان جوہر، بلدیہ، اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد، حسن اسکوائر، گڈاپ کاٹھور، سپر ہائی وے اور گلشن معمار میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں آج ہلکی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ مالا کنڈ، ہزارہ، مری، گلیات، گلگت بلتستان، کوئٹہ اور کشمیر میں شدید برفباری ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کاسلسلہ آج رات تک جاری رہ سکتا ہے۔ بارش کے دوران کراچی میں کم از کم درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور سرد ہواؤں سے کڑاکے کی سردی ہوگی، برف باری کے دوران مالا کنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔