گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی بڑھ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سکھیکی، پنڈی بھٹیاں، تاندلیانوالہ، جلال پور جٹیاں، راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ طوفانی بارش کے باعث واسا نے ہائی الرٹ جاری کر دیا اور مشینری نشیبی علاقوں میں پہنچا دی گئی۔
نالہ لئی میں پانی کا لیول کٹاریاں کے مقام پر 11 فٹ سے تجاوز کر گیا۔ ایم ڈی واسا سلیم اشرف نے پنڈی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہیوی مشینری سے نکاسی آب کا آپریشن جاری ہے۔
چترال شہر اور مضافات میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ نتھیا گلی میں بھی برفباری ہوئی۔ طوفانی بارشوں کے باعث متعدد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، کچے مکانات کو نقصان پہنچا، دروش میں کلدام نالہ میں طغیانی کے باعث چترال پشاور روڈ اور چترال گرم چشمہ روڈ متعدد مقام پر بند ہوگیا۔
شیخوپورہ، سرگودھا، سرائے عالمگیر، فیروز والا، صفدر آباد، خانقاہ ڈوگراں، سمندری شہر، اور اس کے مضافات میں بارش، سانگلہ ل، فیصل آباد، فاروق آباد، وزیر آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہا الدین، ملکوال، گوجرہ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش جب کہ چنیوٹ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔
اس کے علاوہ لاہور، نارووال، مصطفیٰ آباد، سیالکوٹ، ڈسکہ شہر، قصور، ایبٹ آباد، پھول نگر میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی