کراچی: ایک روز کے وقفے کے بعد شہر قائد میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شیر شاہ ، ماڑی پور، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ماڑی پور، ناظم آباد اور سائٹ ایریا سمیت کئی علاقوں میں بارش نے موسم کو مزید دل کش کردیا ہے۔
گلشن اقبال ،یونیورسٹی روڈ ،لیاقت آباد میں بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے
سہانے موسم کا لطف اٹھانے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد نے پارکوں کو رخ کرلیا ہے جبکہ موسم کے پیش نظر سموے، پکوڑوں کی دکانوں پر رش دیکھا جارہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج شام کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کررکھی ہے، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث کراچی ، حیدرآباد،سکھر، لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہونے کا امکان ہے تاہم یہ سلسلہ جمعے کو پاکستان سے نکل جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں آج پھر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی
ادھر مشیر وزیراعلیٰ سندھ نے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم سمیت دیگرادارے الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سےنمٹنےکےلیےوسائل بروئے کارلائیں۔
مشیر وزیراعلیٰ سندھ نے پی ڈی ایم اے سندھ کو ایمرجنسی سینٹر 24 گھنٹے فعال رکھنےکی ہدایت کی اور کہا بلوچستان سےآنےوالابارشوں کاسلسلہ مزیدچند دن جاری رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور،فیصل آباد، گجرات، سیالکوٹ،منڈی بہاؤالدین میں بارش متوقع ہے۔