کراچی : مختلف علاقوں میں بارش کے بعد بجلی کا تعطل شہریوں کے لیے اذیت بن گیا ہے، شہر کے بیش تر علاقوں میں بارش کے بعد سے تاحال بجلی معطل ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد کئی گھنٹوں تک بجلی کا تعطل شہریوں کے لیے اذیت بن گیا ہے، گزشتہ شام ہونے والی بارش کے بعد متعدد علاقوں میں بجلی تاحال معطل ہے، کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ بیش تر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال ہے۔
کراچی میں بارش کے بعد شہر میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی، مختلف علاقوں میں کےالیکٹرک کے متعدد فیڈرز اور پی ایم ٹیز ٹرپ ہوگئیں، تار ٹوٹنے کے واقعات کے باعث بجلی کی فراہمی کئی گھنٹے سے معطل ہے۔
گلبرگ بلاک 12،شادمان ٹاؤن 14 بی میں12گھنٹے سے بجلی معطل ہے، کے ڈی اے فلیٹس ناگن چورنگی میں12 گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔
شہریوں نے بجلی کی عدم فراہمی پر کے الیکٹرک کی گاڑی کو روک لیا، ذرائع کے مطابق لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈ مینجمنٹ کے نام پر بجلی بند کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر پانی جمع ہونے کے باعث بجلی بحالی کے کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی بارش کا امکان ہے، ہلکی بارش کا سلسلہ آج شام کو شروع ہونے کا امکان ہے۔