کراچی : شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے والی معمولی بارش نے مقامیہ انتظامیہ کے دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی، نالے ابل پڑے جبکہ کئی مقامات پر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔
سندھ حکومت اور کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی نے بارانِ رحمت کو شہریوں کے لیے زحمت بنا دیا ہے معمولی سی بارش نے ان کے دعوؤں اور کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
آغا خان سوئم روڈ سے متصل نالہ معمولی بارش میں ابل پڑا، گزشتہ دنوں ہی نالوں کی صفائی کے نام پر کروڑوں روپے کی اخراجات کیے گئے تھے۔
بارش کے بعد نالے کا پانی باہر آنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ریڈیو پاکستان کے قریب بھی بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق پانی کھڑا ہونے کے باعث دو ٹرک گڑھے میں پھنس گئے، ایک ٹرک کا ایکسل ٹوٹنے کے باعث نکالنے میں امدادی کارکنان کو مشکلات پیش آئیں۔
اس کے علاوہ شہر کے تقریباً تمام علاقوں میں گھنٹوں بجلی غائب رہنے سے شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار رہے جبکہ جگہ جگہ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور پانی کے جمع ہونے سے سفر کرنا عذاب بنا دیا۔
شہر کی اہم سڑکیں اور شاہرائیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں اور نئی تعمیر شدہ سڑکیں زمین میں دھنس کر رہ گئیں، پمپنگ اسٹیشن پر بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کراچی میں پانی کی قلت سے شہری دہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔