بدھ, فروری 26, 2025
اشتہار

مری، راولپنڈی اور گردو نواح میں بارش، ژالہ باری

اشتہار

حیرت انگیز

 راولپنڈی: مری اور گرد و نواح میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اورژالہ باری ہوئی ہے جبکہ کراچی سمیت رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک‘ تیز ہواؤں اورآندھی کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، مری، ایبٹ آباد، مانسہرہ سمیت ارد گرد کے دیگر علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

منگل سے جمعہ کے دوران خیبر پختو نخوا، فاٹا، گلگت بلتستان، کشمیر، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویژن اوراسلام آباد میں وقفے وقفے کے ساتھ تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی میں منگل سے مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہوجائے گا اور منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہلکی بارش کا امکان ہے۔

بدھ اور جمعرات کے دوران کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران ہزارہ ڈویژن،کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

خیبرپختو نخوا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں‘ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

درجہ حرارت


گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کچھ یوں تھا۔ سبی 50، بھکر 48،دادو، ڈی جی خان،کامرہ، ڈی آئی خان میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا تاہم راولپنڈی،پشاور ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ہزارہ، کوہاٹ، گوجرانوالہ،سرگودھا ڈویژن،اسلام آباد اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش خیبر پختو نخوا میں  پشاور (ائیرپورٹ 37، سٹی 34)،کوہاٹ 12،بالاکوٹ 04، ایبٹ آباد02، پنجاب میں مری 26، اسلام آباد( زیرو پوائنٹ06، بوکڑہ 03)،راولپنڈی(چکلالہ06، شمس آباد02)، کامرہ02، سرگودھا 01، کشمیر میں گڑھی دوپٹہ 09، کوٹلی 06، راولاکوٹ 02 اور گلگت بلتستان کے علاقے  استور میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

زرعی مشورے


موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر کسان حضرات سےگزارش ہے کہ مندرجہ ذیل مشوروں کو مدنظر رکھیں:

(1) کسان حضرات موسمی شدت کے پیش نظر اپنی کھڑی فصلوں اور سبزیوں کی آب پاشی شام یا رات کے اوقات میں کریں تاکہ قیمتی پانی کا عمل تبخیر سے ضیاع نہ ہو-

(2) چاول کے کاشت کار فصل کی کاشت مکمل کرلیں –

(3) کھڑی فصلوں بشمول مونگ پھلی سے جڑی بوٹیوں کا خاتمہ یقینی بنائیں-


اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں