کراچی / پشاور : دو دن بعد ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا نیا سسٹم داخل ہوگا، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق28 مئی سے ایک اور مغربی سسٹم ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، سندھ بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
مغربی سسٹم کے تحت کل جامشورو، مٹیاری، حیدرآباد، سکھر، قمبر شہداد کوٹ، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص، لاڑکانہ اور شکارپور میں آندھی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
28مئی کو دادو ، سانگھڑ ، خیرپور، سکھر ، گھوٹکی، قمبرشہداد کوٹ اور کشمور میں آندھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
تیز ہوا اور آندھی چلنے سے کمزور املاک اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس کے علاوہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں، موسم جزوی ابر آلود کے ساتھ تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اتوار سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، بارشوں، ژالہ باری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ سے کہا ہے کہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں اور برساتی نالوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔
پی ڈی ایم اے کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی کمیونیٹیز کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنائیں۔
سیاحوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 31 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔