اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتےملک میں بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جس کے بعد اسموگ ختم ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں موسم بدلنے لگا ہے، سردی نے آنے کا اشارہ دے دیا، محمکہ موسمیات نے اتوار سے بلوچستان اور سندھ میں بارش کی پیش گوئی کردی، جس سے اسموگ میں کافی حد تک کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہوگی، اتوار کی رات سے موسم بدل رہا ہے ، بلوچستان اور سندھ میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اگلے ہفتے کی شروعات خیبرپختونخواہ ،فاٹا ، اسلام آباد، بالائی پنجاب ،کشمیراور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری اور بارش سے ہوگی۔
بارشوں کی وجہ سے اسموگ کی شدت میں کافی حد تک کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کےدوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، لاہور،فیصل آباد ، ملتان سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند اور اسموگ چھائے رہے گی جبکہ ڈی آئی خان، پشاور اور سکھر میں رات اورصبح کےاوقا ت میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ کے چند مقامات پر ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے، گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی چارڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
خیال رہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند اور اسموگ کا راج برقرار ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہیں اور شہریوں کومشکلات کا سامنا ہے جبکہ ،اسموگ کی شدت سے گلےاورسانس کی بیماریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔