کراچی : محکمہ موسمیات نے شدید گرمی سے پریشان کراچی والوں کو موسلادھار بارش کی خوشخبری سنادی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بحیرہ عرب،خلیج بنگال سےمون سون ہوائیں مشرقی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، ہوا کا کم دباؤ سسٹم اس وقت بھارتی گجرات کے جنوب میں ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں کل سے یکم جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے دیگرشہروں میں بھی تیزہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
کراچی،حیدرآباد،مٹھی ودیگرشہروں میں موسلادھاربارش ہوسکتی ہے اور تیز ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی ہوگی۔
یاد رہے پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں سےمتعلق ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس میں کہا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے سے مون سون بارشوں کاسلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ شہر قائد سمیت سندھ کے کچھ اضلاع میں معمول سےزیادہ بارشیں متوقع ہیں، جولائی کے پہلے ہفتے 30 سے 50 ملی میٹر، دوسرے ہفتے میں 35 سے 75 ملی میٹر، تیسرےہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر اور چوتھے ہفتے میں 45 سے 75 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔