کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے حوالے سے بڑی پیش گوئی کردی، بارش برسانے والا سسٹم دو مارچ تک برقرار رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ انٹری دے چکا ہے، جو سات دن تک جاری رہے گا، بارش برسانے والا سسٹم بیشتر شہروں پر اثر انداز ہوگا ۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج ہلکی بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں آج موسم ابرآلود رہے گا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہوگی، جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
بارش اور برفباری سے مری، گلیات، ناران، کاغان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خطرہ ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں پچیس فروری سے دو مارچ تک شدید بارشوں اور برف باری کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے کچھ حصوں میں چھبیس فروری تک بادل برس سکتے ہیں ۔
لاہور میں صبح سویرے بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
پشاور اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار اور سرد ہو گیا ہے۔۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ دو مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان میں بھی مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے سے کوئٹہ اور چمن میں موسلادھار بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔