ایبٹ آباد / راولپنڈی / لاہور / صادق آباد : ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم انتہائی سرد اور راستے بند ہوگئے، امدادی ٹیموں کے رضا کار اور انتظامیہ سڑکوں پر پڑی برف ہٹانے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، کئی علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، ملک کے بالائی علاقوں میں روئی کے گالوں کی برسات کی وجہ سے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔
ایبٹ آباد، نتھیاگلی، ایوبیہ اور ٹھنڈیانی میں برفباری جاری ہے، برف باری کے باعث لنک روڈ بند ہوگیا جس کے باعث مقامی افراد کو مشکلات کرنا پڑا، خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مری روڈ سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔
اس کے علاوہ ملاکنڈ کے ضلع بھر میں بارش کاسلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بونیر کے ضلع بھر میں گزشتہ دو دنوں سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ اور بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی شہر اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے،لاہور اور گرد و نواح میں گزشتہ دو روز سے جاری بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، آئندہ24گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، گجرات، منچن آباد، پھالیہ، صادق آباد میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔
اس کے علاوہ بٹگرام میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، برفباری کی وجہ سے شاہراہ ریشم چتھر کے مقام پر بند ہوگئی، کنڈ بنہ روڈ ،آلائی روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر بٹگرام کا کہنا ہے کہ سڑکیں کھولنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔