اسلام آباد : بارش برسانے والا مغربی سسٹم آج پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے ، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی سسٹم آج بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 4 جنوری تک بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج شمال اور مغربی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور بونداباندی متوقع ہے۔
کشمیر،گلگت بلتستان میں شدید سردی اوربرفباری کا امکان ہے اور چترال، دیر، سوات میں برفباری کی توقع ہے جبکہ کوئٹہ بارکھان میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں داخل ہونے والے سسٹم کا کراچی پر بھی اثر پڑے گا، جس کے باعث شہر میں 4 جنوری سے سردی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور شہر قائد میں درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے گرسکتا ہے۔
اسکردو میں درجہ حرارت منفی نو، گلگت میں منفی چھ تک گرگیا جبکہ مری اور کوئٹہ میں درجہ حرارت صفر، اسلام آباد اور پشاور میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Weather Updates Pakistan- موسم کی خبریں