پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ملک بھرمیں بارشیں، موسم خوشگوار، سندھ میں گرمی برقرار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی/ کوئٹہ/ اسلام آباد / : ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، پہاڑی علاقوں میں خنکی کی لہر ہے، تاہم کراچی میں آج بھی موسم خشک اور گرم رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم سندھ میں موسم کی صورتحال اس کے بر عکس ہے۔

ملک بھر میں بارشوں کی ایکسپریس چل پڑی ہے، نیا سسٹم ملک میں داخل ہوا تو کئی شہروں میں جل تھل ایک ہوگیا، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش نے شہریوں کو مسرور کردیا۔

چمن، زیارت، چاغی، نوشکی اور گردونواح میں بادل کھل کر برسے، شمالی بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، بارش کے باعث نالوں میں طغیانی، رابطہ سڑکیں متاثراور لینڈسلائیڈنگ کے باعث کالام کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

انتظامی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے، دوسری جانب اسلام آباد ناروال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں برکھارت چھاگئی اور موسم سہانا ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ پارہ چالیس ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، شہید بینظیرآباد، مٹھی، سکھر، حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں سورج کی تمازت برقرار ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں لڑکی جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں