کراچی / لاہور/ پشاور : ملک بھر میں سردی نے اپنا زور دکھانا شروع کردیا، پنجاب میں دھند اور خیبر پختونخوا میں بارشیں جبکہ کراچی میں سائبیریا کی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں۔
ملک بھر میں سردی کا راج ہے کراچی میں سائبرین ہواؤں نے سردی کی شدت بڑھادی، بالائی علاقوں میں بارشوں سے ٹھنڈ بڑھ گئی شہری کپکپا اٹھے۔
موسم کا حال سنانے والوں نے اہلیان کراچی کو مزید سردی کی نوید سنادی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سردی کی لہر تیس نومبر تک جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔
لاہورمیں رات گئے بونداباندی سے موسم سرد ہوگیا اور پارہ گیارہ ڈگری تک گرگیا۔ قومی شاہراہ پر لاہورسے ساہیوال تک دھند کا راج ہے، حد نگاہ ساٹھ سے ایک سو بیس میٹر تک رہ گئی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، مری، راولپنڈی، ساہیوال، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ کالام ، مالم جبہ، بالاکوٹ، پشاور اور چترال سمیت خیبر پختونخوا میں بھی بادل جم کر برسے۔
مانسہرہ میں تین دن بعد بارش کاسلسلہ تھم گیا۔ بجلی بحال نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ علاوہ ازیں بلوچستان، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے چند علاقوں میں بارش نے سردی بڑھادی کالام اور مالم جبہ میں دس انچ برف باری بھی ریکارڈ کی گئی۔