کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق یہ ایک کمزور سسٹم ہے، آئندہ ہفتے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقےڈیفنس، کلفٹن، گلشنِ حدید، اسٹیل ٹاؤن، پیپری اور ان علاقوں سے ملحقہ علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے، شہریوں کی بڑی تعداد بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئی ہے۔
شہر کا موسم آج صبح سے ابر آلود ہے آسمان پر گہرے کالے بادل چھانے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جارہا ہے، کہا جارہا ہے کہ یہ سلسلہ منگل تک جاری رہے گا۔
آج بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے ، جن میں کوئٹہ ، قلات اور ژوب سمیت مختلف علاقے شامل ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش، موسم خوشگوار
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی شہروں میں بارش کی پیش گوئی ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، مری اور کشمیر میں برفباری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے کا مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے پاکستان میں داخل ہوگا جس کے باعث آج سے منگل تک پشاور، کوہاٹ، لاہور، راولپنڈی، گوجرانولہ، سرگودھا سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل آباد، ڈی جی خان اور اسلام آباد میں بھی بادل برسیں گے جبکہ بنوں، ڈی آئی خان اور ملتان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں : لاہورمیں بارش‘ چھتیں گرنے، کرنٹ لگنےسے6 افراد جاں بحق، دس زخمی، بجلی غائب
خیال رہے کہ چند ماہ قبل تین گھنٹے کی موسلا دھار بارش سے لاہور کی سڑکیں زیرِ آب آگئی تھیں، جبکہ گلی محلے اور گھر تالاب بن گئے تھے، بارش کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے چھ افراد جاں بحق اور چھ زخمی بھی ہوئے تھے۔