لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث موسم سہانا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، شہری موسم کے مزے لینے نکل پڑے۔
لاہور، قصور، چشتیاں، پنڈی بھٹیاں، اوکاڑہ، پاک پتن، گجرات اور قصور میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم سہانا ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج دن بھر بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج شہر قائد میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخواہ، اسلام آباد، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں تیزہواؤں سمیت گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش، موسم خوشگوار
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا تھا اور شہریوں کی بڑی تعداد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے ساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات پر پہنچ گئی تھی۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی سے 15 اگست تک معمول کی بارش کا امکان ہے اور 15 اگست کے بعد معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔