کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور ہلکی ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی صبح سے قبل رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جس کے باعث شہر کا موسم کافی خوشگوار ہوچکا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے، ہلکی اور تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے چند مقامات پر رم جھم کاامکان ہے، پشاور، مردان، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں آج بارش کی پیشگوئی ہے۔
کراچی میں بارش، موسم خوشگوار، بجلی غائب
علاوہ ازیں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا اور فیصل آباد میں بھی بادل برسیں گے، جبکہ پنجاب کے دیگر مقامات پر بھی رم جھم ہوگی۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں علی الصباح شروع ہونے والی بونداباندی کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا تھا جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ گارڈن، ایم اے جناح روڈ، صدر، لسبیلہ، شاہراہ فیصل، بہادر آباد، ڈیفنس اور نیوکراچی سمیت بیشتر علاقوں میں بوندا باندی کے ساتھ ہلکی بارش بھی دیکھنے میں آئی تھی۔