کراچی: حکمراں جماعت کی جانب سے بنائی گئی فورسز کے جواب میں تحریک انصاف نے بھی فورسز بنانے کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے کراچی سے رائیونڈ مارچ کے لیے خواتین کا کفن پوش دستہ تیار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق رائیونڈ مارچ سے قبل حکمران جماعت اور تحریک انصاف میں فورسز بنانے کا مقابلہ جاری ہے، مسلم لیگ ن کے ڈنڈا برداروں کے جواب میں کراچی سے تعلق رکھنے والی تحریک انصاف کی کارکنان پر مشتمل کفن پوش فورس تیار کرلی گئی ہے۔
پڑھیں: ن لیگ کی ٹماٹر فورس کے مقابلے میں پی ٹی آئی کی آلو فورس تیار
یہ دستہ پی ٹی آئی کے رہنماء حلیم عادل شیخ نے تیار کیا ہے، فورس میں شامل خواتین 30 ستمبر کو رائیونڈ جانے والے مارچ میں شرکت کریں گی جبکہ کفن پوش خواتین نے مسلم لیگ ن کے ڈنڈا بردار اور گلو بٹوں کے لیے چوڑیاں بھی تیار کرلی ہیں۔
دستے میں شامل خواتین کا کہنا ہے کہ ’’اگر رائیونڈ مارچ کے دوران ن لیگ کے گلو بٹوں نے ہمارے کارکنان کو روکنے کی کوشش کی تو انہیں چھٹی کا دودھ یاد دلا دیں گے ہم پر امن لوگ ہیں مگر ہر بات کا جواب دینا جانتے ہیں‘‘۔
مزید پڑھیں: رائیونڈ مارچ روکنے کیلئے مسلم لیگ یوتھ ونگ کی ڈنڈا بردار فورس قائم
ریلی میں شرکت کرنے والی خواتین کارکنان اور کفن پوش فورس کے لیے خصوصی بس تیار کی گئی ہے جبکہ کفن پوش خواتین کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے، اب تک 150 سے زائد خواتین نے اس دستے میں شمولیت کے لیے اپنے کوائف مقامی قیادت کو جمع کروادئیے ہیں۔