لاہور : تین روزہ سالانہ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ رائیونڈ میں اختتام پذیر ہوگیا، اتحاد امت اور ملکی سلامتی کےلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے اپنی زندگیاں دین کے لیے وقف کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ پورے سال کے لیے تبلیغی جماعتیں تشکیل دے دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ رائیونڈ میں اختتام پذیر ہوگیا، اس موقع پر مبلغین نے اپنے وعظ میں پاکستان میں امن اور ملکی سلامتی کےلئے خصوصی دعائیں کیں۔
تبلیغی جماعت کے اجتماع میں تین دن تک فرزندان توحید کی تربیت کا اہتمام رہا، احکامات خداوندی اور سنت رسول کی پیروی کی خصوصی تلقین کی گئی۔
تبلیغی اجتماع میں پاکستانی علماء کے علاوہ ہندوستان اور دیگر ممالک سے بھی تبلیغ دین کے لیے آنے والے رہنماؤں نے شرکاء کو اتحاد امت کا درس اور تفرقہ بازی سے دور رہنے کا درس دیا ۔
راویتی طور پر اجتماع کے اختتام پر اجتماعی دعا میں امت اور پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کےلئے اللہ تعالی التجا بھی کی گئی۔ اس موقع پر رقت انگیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے، شرکاء رب ذوالجلال سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے رہے۔
تبلیغی اجتماع کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس ہونے موقع ملا ہے، آئندہ بھی اس بابرکت اجتماع میں شریک ہونگے۔ بعد ازاں تبلیغی جماعتوں کے وفود کوملک کے مختلف علاقوں کے لیے اللہ کی راہ میں روانہ کیا گیا۔