لاہور : پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کیلئے مولانا فضل الرحمان کا جو پلان ہوگا حکومت کی تیاری بھی اسی کے مطابق ہوگی، بچوں کو سیاسی گرمیوں کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے دھرنے اور آزادی مارچ سے نمٹنے کے لئے بڑی تیاری کا اعلان کر دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان جو پروگرام لے کر آئیں گے حکومت بھی اس حوالے سے اپنی حکمت عملی ترتیب دے گی، مولانا کا حتمی پلان اور اعلان سامنے آئے گا تو فیصلہ کریں گے کہ حکومت پنجاب کس طرح اقدامات کرتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت نے والدین سے استدعا کی کہ وہ اپنے بچوں کا خیال کریں، مدارس کے بچوں کو سیاسی سرگرمی سے دور رکھنے کی کوشش کریں۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کو بچوں کو سیاسی گرمیوں کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہیے، ایک بار جے یو آئی اور اپوزیشن کا پلان سامنے آنے دیں۔
اس کے مطابق حکومت لائحہ عمل تیار کرے گی، امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو گا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔