لاہور : وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا پنجاب میں چند روز سے کورونا کے نئے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافہ نظر آ رہا ہے، لوگوں نے احتیاط نہ کی تو ہائی رسک اضلاع اور علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ لگانے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکریٹری پرائمری ہیلتھ نے صوبہ میں کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔
جس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں چند روز سے کورونا کے نئے متاثرین اوراموات کی شرح میں اضافہ نظر آرہا ہے،گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب اور گجرات کورونا کے لحاظ سے ہائی رسک اضلاع ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں سابقہ لہر سندھ اور کراچی کے بعد آئی تھی، اس لیے ہمیں اب زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے ۔
کابینہ کمیٹی کے مطابق سندھ میں اضافے کے بعد پنجاب میں حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ضرورت ہے، لوگوں نے احتیاط نہ کی تو ہائی رسک اضلاع اور علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ لگانے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
راجا بشارت کا کہنا تھا کہ حالیہ اجتماعات میں ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی نظر نہیں آرہی ، اشادی ہالز میں ایس او پیز پر معاہدے کے مطابق عملدرآمد نظر نہیں آ رہا، شادی ہالز، تعلیمی اداروں اور پبلک مقامات پر ایس او پیز کی پابندی میں غفلت نہ کی جائے۔
کابینہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ لوگوں نے احتیاط نہ کی تو ہائی رسک اضلاع اور علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ لگانے پر غور کیا جا سکتا ہے، راجا بشارت کا کہنا تھا عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، محکمہ صحت اجتماعات کے نئے ایس اوپیز بنائے اور انتظامیہ ان پر مکمل عملدرآمد کرائے۔