اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

لیگی کارکنان کو پیشی پر ساتھ لانا سوچی سمجھی سازش ہے، راجہ بشارت

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر پنجاب بھر سے لیگی کارکنان کو ساتھ لانا سوچی سمجھی سازش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ن لیگ والوں کا ہمیشہ یہ وطیرہ رہا ہے جب بھی ان کا احتساب ہوا انہوں نے واویلا مچایا۔

راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ن لیگ نیب اور دیگر ملکی اداروں کیخلاف زہر اگلنے کی حد پہلے ہی پار کرچکی تھی، آج انہوں نے نیب کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے پتھراؤ بھی کر ڈالا۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ ہمارے پاس تمام گاڑیوں کی فوٹیجز موجود ہیں جن سے پتھراؤ ہوا، ہم نے محکمہ ایکسائز سے ان تمام گاڑیوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

وزیر قانون پنجاب نے کہاکہ پتھراﺅ اورپولیس چوکی پر حملہ ایک منظم سازش کے تحت کیاگیا،جعلی نمبرپلیٹیس لگاکرگاڑیوں میں پتھر بھر کرلاناسب تحقیقات میں سامنے آجائے گا۔

راجہ بشارت کا مزید کہنا تھا کہ پتھراؤ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں اور افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، یہ شہر کسی کی جاگیر نہیں کہ کوئی بھی اٹھے اور دہشت پھیلانا شروع کردے۔

واضح رہے کہ آج مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی، نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ لیگی کارکنوں نے نیب دفتر کے باہر رکاوٹیں ہٹادیں تھیں۔

پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں کومنتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی گئی اور نیب آفس کے باہر واٹر کینن بھی طلب کرلی گئی، لیگی کارکنان گاڑی نمبر ایل ای 3378میں پتھر سے بھرے تھیلے لے کر آئے تھے ، لیگی کارکنوں نے گاڑی کےاندر سے پتھر نکال کر پولیس پر برسائے۔

لیگی کارکنوں کے پتھراؤ کے باعث نیب دفتر پر کھڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ نیب دفتر کے باہر بیریئر بھی توڑنے کی کوشش کی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں