لاہور : وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ حکومت کا شہباز شریف کی گرفتاری میں کوئی کردار نہیں ، ضمانت میرٹ پر نہیں بنتی اس لئے مسترد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کو اپنے کیے کا پھل مل گیا ، حکومت کا شہباز شریف کی گرفتاری میں کوئی کردار نہیں ، ضمانت میرٹ پر نہیں بنتی اس لئے مسترد ہوئی۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ جتنی تنظیم سازی بلدیاتی الیکشن کیلئے ن لیگ کررہی ہےسب کےسامنے ہے ، زیادتی کیس کے ملزم عابد کو پکڑنےکےلیےکوششیں جاری ہیں۔
وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر عام آدمی کی فلاح کیلئے قانون سازی پر توجہ دی ، کرشنگ سیزن کا تعین قانون کے تحت اب حکومت کرے گی، مسودہ قانون کی گورنر سے منظوری کے وقت کا تعین نہیں ہے،راجہ بشارت
ان کا کہنا تھا کہ بنیاد اسلام بل پر کافی حد تک اتفاق رائے ہو چکا ہے، مزید اتفاق رائے پیدا کرکے بل ایوان میں دوبارہ پیش کریں گے۔
خیال رہے لاہور ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی تھی ، جس کے بعد نیب حکام نے شہبازشریف کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتارکرلیا تھا۔