لاہور : وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ حالات جتنے خراب ہوں لیکن اسپتالوں پر کبھی بھی حملہ نہیں ہوا، کچھ لوگوں کی شناخت ہوئی ہے، واقعے کے ذمہ داروں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پی آئی سی واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اسلام آباد میں تھے، اطلاع ملتے ہی وہ واپس لاہور پہنچے۔
وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے واقعے کی انکوئری کا حکم دے دیا ہے، اس واقعے کے اسباب کو سامنے لایا جائے گا، وکلا نے آج جو کچھ کیا اس کی کسی مہذب معاشرے میں مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے بتایا کہ حملے میں ملوث کچھ شر پسند عناصر کی ویڈیوز کے ذریعے نشاندہی ہوگئی ہے، واقعے کے ذمہ داروں کیخلاف سخت اور تادیبی کارروائی کی جائے گی، اگر پولیس کی جانب سے کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو اسے بھی دیکھا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وکلا برادری، بردباری کا مظاہرہ کرے گی تو مزید نقصان نہیں ہوگا، وکلاصاحبان کی عزت ہمارے دل میں موجود ہے، ڈاکٹرز بھی اسپتالوں کی ایمرجنسی کھلی رکھیں تاکہ مریضوں کو مشکلات نہ ہوں۔
راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت کسی کے ساتھ کوئی رعب یا رعایت نہیں کرے گی، قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔
وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ وکلاصاحبان اس بات کا احساس کریں کہ ان کی جانب سے جو کچھ ہوا غلط ہوا ہے، احساس کرنے سے عزت میں کمی نہیں آئے گی، وزیراعظم عمران خان نے بھی واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔