لاہور: وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ ہمیں جس مہنگائی اور معاشی بدحالی کا سامنا ہے اس کی ایک وجہ سابقہ حکمرانوں کی غضب ناک کرپشن ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر قانون پنجاب وبلدیات راجہ بشارت نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اسپیکر کا اختیار ہے جن کی رولنگ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنا تعمیری کردار ادا نہیں کر رہی ماسوائے غیر اخلاقی نعرہ بازی اور ہلڑ بازی کے جو کہ پارلیمانی روایات کے خلاف ہے۔
راجہ بشارت نے کہا کہ اپوزیشن نے ایک خاندان کی کرپشن کا دفاع کرتے کرتے پورے ملک کو یرغمال بنالیا ہے اورعدلیہ، ججز سمیت کسی ادارے کو نہیں بخشا، جس کے انتہائی نتائج خطرناک نکلیں گے اور قوم مزید مشکلات کی شکار ہوجائے گی۔
وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بیرونی امداد میں مبینہ خوردبرد کا معاملہ شرمناک اور قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اتنے اہم منصب پر بیٹھ کر اختیارت کا ناجائز استعمال کرتے ہیں وہی قوم کی تباہی اورملک کے لیے دنیا میں بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ ہمیں جس مہنگائی اور معاشی بدحالی کا سامنا ہے اس کی ایک وجہ سابقہ حکمرانوں کی غضب ناک کرپشن ہے۔