اسلام آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ 3 لاکھ سے زائد کشمیری پاکستان کی طرف ہجرت کر چکے ہیں۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، کشمیر کا ہر شخص آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 لاکھ سے زائد کشمیری پاکستان کی طرف ہجرت کر چکے ہیں۔ مودی نے کہا تھا کہ پاکستان ان کے راستے میں رکاوٹ ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ عرض کرتا ہوں کشمیری آپ کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیر کا جھنڈا گر گیا تو بھارت کا اگلا نشانہ پاکستان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری 72 سال سے اس آزمائش کا سامنا کر رہے ہیں۔ کیا آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی ڈھال آزاد کشمیر ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ کشمیری آپ کی طرف دیکھ رہے کسی اور کی طرف نہیں۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، کشمیر کا ہر شخص آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
خیال رہے دو روز قبل وزیر اعظم آزاد کشمیر نے نکیال سیکٹر کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے فتح پور تھکیالہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا تھا۔
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایل او سی پر فائرنگ سے خاتون شہید اور 8 افراد زخمی ہوئے، ایل او سی آنے کا مقصد مقامی لوگوں کو سلام پیش کرنا ہے۔ مودی نے پلوامہ واقعے کو بنیاد بنا کر خطے میں انتہا پسندی کو فروغ دیا۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مودی نے بھارتی میڈیا سے مل کر اپنے لوگوں کو بیوقوف بنایا، بی جے پی پر آر ایس ایس کا قبضہ ہے وہ خطے کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، پاکستان مودی اور اس کے حمایتی کے راستے کی رکاوٹ ہے۔