ٹیکساس: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں افراد کی جانوں کو خطرہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو محصور کررکھا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 18 دن سے کرفیو نافذ ہے، کشمیر انسانی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے، بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔
مزید پڑھین: امریکا بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے، راجہ فاروق حیدر
انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت انتہا پسندوں کی حکومت ہے، بھارت کنٹرول لائن پر مسلسل گولہ باری کررہا ہے، بھارتی فوج بچوں اور بوڑھوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی و کشمیری بہادر کشمیریوں کے سفیر بنیں، امریکا مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال پر توجہ دے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ امریکا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے، عالمی ادارہ مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جس طرح انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے وہ انتہائی سنگین ہے، خطے کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے۔