پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

اشتہار

حیرت انگیز

مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے جاتلاں اور ملحقہ علاقوں میں شہریوں سے ملاقات کی۔

راجہ فاروق حیدر نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں، انہوں نے متاثرین کی شکایات سن کر اس کے ازالے کے احکامات بھی دیے۔

راج فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ آج رات تک متاثرین کو ہر صورت ٹینٹ فراہم کیے جائیں۔ عورتوں اور بچوں کو ترجیحی بنیاد پر امداد فراہم کی جائے گی۔ زلزلہ بڑی آزمائش ہے، متاثرین کو مکمل طور پر بحال کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

اب تک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں