اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر راجہ ظفرالحق کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پورا ہے، تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفرالحق نے اے آروائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اپوزیشن کے تمام سینیٹرز سے رابطے میں ہیں۔
راجہ ظفرالحق نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پورا ہے، نمبر گیم میں کمی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ سینیٹ اجلاس 23 جولائ تک بلائے جانے کا امکان ہے۔
اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کیلیے مشترکہ قرارداد جمع کرادی
اس سے قبل رواں ماہ 9 جولائی کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفر الحق کی صدارت میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں موجود تمام ارکان نے دستخط کیے تھے۔
سینیٹرز کے دستخط کے بعد چیئرمین سینیٹ کوہٹانے کے لیے قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تھی ، قرارداد اپوزیشن اراکین نے مشترکہ جمع کرائی تھی ، جس پر 38 ارکان کے دستخط موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس وقت 104 کے ایوان میں 103 ارکان ہیں حلف نہ اٹھانے والے اسحاق ڈار کے بغیر مسلم لیگ ن کے 30 سینیٹرز ہیں، سینیٹ میں اپوزیشن نے 67 سینیٹرز اراکین کی حمایت کا دعوی کیا ہے جبکہ حکومت کو36 ارکان سینیٹ کی حمایت حاصل ہے۔
پی پی، ن لیگ، نیشنل پارٹی، پی کے میپ، جے یو آئی ف اور اے این پی حکومت کے خلاف جبکہ پی ٹی آئی کے ساتھ ایم کیوایم، آزاد ارکان، فنکشنل لیگ، بی این پی مینگل اور دیگر شامل ہیں۔