جنوبی بھارت کے میگا اسٹار رجنی کانت اننت امبانی کی شادی کے بعد ایک اور ارب پتی بھارتی تاجر کے ہاں شادی میں پہنچ گئے۔
ممبئی میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات کے بعد تامل فلموں کے سپر اسٹار رجنی کانت کیرالہ پہنچ گئے، اداکار اور ان کی اہلیہ نے کیرالہ میں لولو گروپ کے ڈائریکٹر ایم اے سلیم کی بیٹی کی شادی کی شاندار تقریب میں شرکت کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایم اے سلیم کی بیٹی نورین کی شادی منجلم کوزی عبداللہ نامی شخص سے ہوئی ہے، شادی کی یہ تقریب تریسور کے حیات ریجنسی کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی، شادی کی شاندار تقریب کو تازہ پھولوں سے سجایا گیا تھا۔
لولو گروپ کے ارب پتی چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر یوسف علی، جو کہ سلیم کے کزن ہیں وہ بھی اس شادی میں شریک تھے، یوسف علی کو پنڈال میں مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ارب پتی تاجر یوسف رجنی کانت کو اپنی بھانجی کی شادی میں خوش آمدید کہتے نظر آئے جس کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے، ملیالم اداکار جوجو جارج کو بھی سپر اسٹار سے ملتے دیکھا گیا۔
وائرل ہونے والے تصاویر میں رجنی کانت بھارتی ارب پتی تاجر کی بیٹ کی شادی میں اپنی اہلیہ کے ساتھ نظر خوشگوار موڈ میں نظر آرہے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ تامل اسٹار رجنی کانت نے اننت امبانی کی شادی میں شرکت کے ساتھ ساتھ دولہے کے سامنے بھنگڑا بھی ڈالا تھا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر آئی تھیں۔
خیال رہے کہ یوسف لولو گروپ کی سی ای او ہیں، جس کے خلیج اور بھارت میں 256 ہائپر مارکیٹس اور مال ہیں۔ فوربس کے مطابق، ان کی ذاتی مالیت 8.9 بلین ڈالرز سے زیادہ ہے۔