بالی ووڈ کے معروف اداکار راجپال یادیو کا کہنا ہے کہ ان کے پسندیدہ پاکستانی بولر شعیب اختر اور وسیم اکرم ہیں۔
حالیہ پوڈ کاسٹ میں بالی ووڈ اداکار راجپال یادیو نے کہا کہ مجھے پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم اور بھارتی سابق کپتان کپل یادیو کا بولنگ ایکشن بہت پسند تھا جبکہ بھارت میں شعیب اختر کو بہت پسند کیا جاتا ہے، وہ بہت تیز بولنگ کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی بولنگ کو مانتی تھی اور شعیب اختر جب کھیلتے تھے میرے خیال میں پورے بھارت میں شعیب کی بولنگ لوگ شوق سے دیکھتے تھے۔
راجپال یادیو نے کہا کہ بھارت میں میری فیورٹ بیٹر سچن ٹنڈولکر ہیں، جب سنچری بن جائے تو ہوا میں نہ کود جاؤ اور جب آؤٹ ہوجاؤ تو زمین میں نہ دھنس جاؤ، اسی لیے میں ٹنڈولکر کو پسند کرتا ہوں۔
ایک موقع پر اداکار نے کہا کہ ہیرے ہم سے ہیں ہم ہیروں سے نہیں ہیں ہم جہاں بیٹھے ہیں وہاں ہیرے ہی ہیرے بیٹھے ہیں۔
اپنے پسندیدہ پاکستانی کامیڈینز کے بارے میں بات کرتے ہوئے بھارتی کامیڈین نے معین اختر اور عمر شریف کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ عمر شریف اور معین اختر اپنے فن کے بادشاہ تھے اور وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے اسکرین پر دلکش اور یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تھے۔
راجپال کا مزید کہنا تھا کہ عمر شریف اور معین اختر کی صلاحیتوں کی بدولت آپ انہیں دیکھتے ہوئے ایک لمحے کے لیے بھی اسکرین نہیں چھوڑ سکتے تھے، خاص طور پر لوز ٹاک جیسے پروگراموں میں جہاں ہر مکالمہ برجستہ بے مثال ہوتا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ہم عمر شریف کی آڈیو کیسٹ سنتے تھے کیونکہ وہ قدرتی طور پر تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال تھے اور واقعی میں ایک بڑے اسٹارتھے۔