ملتان : سابق صدراورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پورے پنجاب میں جلسے ضرور کریں گے، چاہے سیکیورٹی ملے یا نہ ملے، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا نام لیے بغیر ان کی سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شرم کرو۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب میں پیپلزپارٹی نے دبنگ انٹری دے دی۔ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری نے ملتان آمد کے بعد سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کو ان کی رہائش پر جاکر رہائی کی مبارکباد دی۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے تخت لاہور کو چیلنج کردیا۔ انہوں نے پنجاب کو پیپلزپارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کا گڑھ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پورا پنجاب لیں گے، سیکیورٹی ملے نہ ملے ہم عوام میں جائینگے اور جلسے ضرور کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کیلئے تیار رہتے ہیں چاہے آج ہو یا کل، مجھے ایسا لگتا ہے کہ نواز لیگ نہیں چاہتی کہ الیکشن ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حامد سعید کاظمی کو اللہ نے عزت کے ساتھ بری کیا۔
سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ جج سیاسی ہے اور بعد میں سیاسی جماعت بنا کر جج نے میری بات ثابت کر دی۔ ان کی ایک سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شرم کرو، شرم کرو۔
مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ہمیشہ کہتی تھیں کہ عدالتوں سے میاں صاحب کے خلاف اور پیپلزپارٹی کے حق میں کبھی فیصلہ نہیں آیا۔
سابق صدر آصف زرداری نے الزام لگایا کہ حکومت سڑکیں اور پل بنا کرکمیشن کھارہی ہے، ان کا یہی دھندہ ہے، انہیں قبرمیں یہ لے کر جانا ہے ہمیں قبرمیں کچھ اورلے جانا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان اورجمہوریت کی خاطر دھاندلی والا الیکشن قبول کیا۔