سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں رمضان 2025 یکم مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق زیادہ تر اسلامی ممالک میں یکم مارچ بروز ہفتہ سے رمضان 2025 کا آغاز متوقع ہے۔
ابوظہبی میں قائم بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے بتایا کہ اسلامی ممالک جمعہ 28 فروری کو بابرکت مہینے کے آغاز کے موقع پر رمضان کا چاند دیکھیں گے۔
ماہرین فلکیات نے مزید کہا کہ عین فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر، ہفتہ 1 مارچ 2025 کو رمضان کا پہلا دن ہونے کی توقع ہے تاہم حتمی فیصلہ چاند نظر آنے کے بعد کیا جائے گا۔
مرکز کے چیئرمین محمد عودہ نے کہا کہ ہلال مغربی ایشیا، بیشتر افریقہ اور جنوبی یورپ میں دوربینوں کے ذریعے نظر آئے گا، جب کہ اسے امریکہ کے بڑے حصوں میں کھلی آنکھوں سے دیکھا جا سکتا ہے۔
رمضان، اسلامی قمری تقویم کا نواں مہینہ اور ایک مقدس وقت ہے جب دنیا بھر کے مسلمان صبح سے غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں، کھانے پینے اور دیگر جسمانی ضروریات سے پرہیز کرتے ہیں۔
پاکستان
محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے، کہ ملک بھر میں پہلا روزہ 2 مارچ کو ہوگا۔
اس حوالے سے ذرائع محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ماہ رمضان کا چاند28 فروری کو نظر آنے کا امکان نہیں ہے تاہم ملک بھر میں پہلاروزہ 2 مارچ کو ہوگا۔
ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدائش28فروری کو5بج کر45منٹ پر ہوگی، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر13گھنٹے 12منٹ ہوگی۔
ذرائع محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلامی ماہ کا چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19گھنٹے ہونا ضروری ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ 29 شعبان کو مطلع کہیں صاف اور کہیں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔