اسلام آباد : وفاقی وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ہر سال مستحقین کو جو رمضان ریلیف پیکج فراہم کیا جاتا ہے اس بار اس میں اہم تبدیلی کی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت اس بار ہم نقد رقم ٹرانسفر کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس بار ایک مستحق خاندان کو5ہزار روپے نقد رقم فراہم کررہے ہیں، مستحقین کی کیٹیگری میں آنے والےافراد کو کیش ٹرانسفر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مستحقین کی کیٹیگری میں آنے والی آبادی کی تعداد 2 کروڑ کے قریب ہے، پیکج کے لیے بی آئی ایس پی یا کسی وفاقی ادارے سے معاونت نہ لینے والے اہل ہونگے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پچھلے سال یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے سبسڈی فراہم کی گئی ھتی جس کا تجربہ اچھا نہیں رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلےسال یوٹیلیٹی اسٹورز پر بدانتظامی تھی، کوالٹی بھی صحیح نہیں تھی،
وزیر اعظم کوبھی پچھلے سال یوٹیلیٹی اسٹورز کے حوالے سے شکایات تھیں۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا مزید کہنا تھا کہ تمام یوٹیلیٹی اسٹورز کو کہا ہے کہ اپنا فنانشنل ماڈل ٹھیک کریں، بصورت دیگر قانون حرکت میں آئے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹور نے کہا ہے کہ وہ سبسڈی کے بغیر اشیاء پر 15 فیصد رعایت دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیلٹی اسٹور پر کوالٹی چیک کی ہے، بہتر معیار ہے، قیمت بھی بازار سے سستی ہے، رمضان میں یوٹیلٹی اسٹور کو زیادہ کام کرنا چاہیے، چینی کی قیمت کم کریں۔