کراچی: رمضان المبارک 1437 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا،جب کہ پشاور کی قاسم علی مسجد میں اجلاس آج ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس، کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں محکمہ موسمیات کے کراچی کیمپ آفس میں ہوگا،اجلاس میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں لی جائیں گی۔
واضح رہےمرکزی رویت ہلا ل کمیٹی کے اجلاس کے علاوہ ملک بھر میں رویت ہلال کی زونل کمیٹی بھی رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں جمع کرکے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔
چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں جمع ہونے کے بعد اس کا اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن میڈیا کی موجودگی میں کریں گے۔
دوسری جانب پشاور کی مسجد قاسم علی میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیرِ صدارت اجلاس آج ہو رہا ہے،جس میں چاند کی رویت سے متعلق شواہد جمع کیے جائیں گے،جس کے بعد رویت ہلال کے حوالے سے اعلان مفتی شہاب الدین پوپلزئی کریں گے۔
یا د رہے چاند کی رویت کے حوالے ملک بھر میں کسی تضادِ رائے سے بچنے کے لیے وفاقی امور مذہبی امور پیزادہ حسنات نے پشاور کی قاسم مسجد کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے بھی ملاقات کی ہے،جس کے بعدامید کی جارہی تھی کہ اس بار ملک کے چاروں صوبوں میں ایک ہی دن عید منائی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق آج پورے ملک میں مطلع صاف ہونے کے باوجود ملک بھر میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان ںہیں ہے۔
البتہ محکمہ موسمیات کےمطابق موسم کے حالت کے پیش نظر کل مغربی ساحلی پٹی میں رمضان کا چاند زیادہ واضح نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔