لاہور : پاکستان فلم انڈسٹری کی کامیاب جوڑی ریمبو اور صاحبہ جو بعد ازاں ایک دوسرے کیلئے زندگی بھر کے ساتھی بھی بن گئے۔
اس خوبصورت جوڑے کی شادی کب اور کیسے ہوئی اور ان دونوں کو شادی کیلئے کتنے پاپڑ بیلنا پڑے ان سب باتوں کا جواب انہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں دیا۔
ریمبو کا کہنا تھا کہ میں نے پہلی بار صاحبہ کو اخبار میں دیکھا تھا جس کے بعد میں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ اب زندگی اسی کے ساتھ گزارنی ہے۔
فلم اسٹار ریمبو (افضل خان) اور صاحبہ نے ایک خصوصی انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی پر کھل کر بات چیت کی، جہاں اداکار نے بتایا کہ ان کے اور اہلیہ کے خاندان میں بڑا فرق تھا، جس کی وجہ سے شروع میں کچھ مشکلات بھی پیش آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ صاحبہ سے شادی کرنے کے لیے انہیں اپنی ساس اور ماضی کی مقبول اداکارہ نشو کی 6 سال تک منتیں کرنا پڑیں تب کہیں جا کر ساتویں سال ان کی شادی ہوئی۔
اپنی محبت کی ابتدا کے بارے میں ریمبو نے بتایا کہ میں نے اپنے دوستوں سے کہہ دیا تھا کہ یہی لڑکی میری پہلی فلم کی ہیروئن بنے گی اور پھر فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی دوستوں سے یہ بھی کہا کہ یہی تمہاری بھابھی بھی بنے گی۔
ایک سوال کے جواب میں صاحبہ نے بتایا کہ ہمارا بہت سارا وقت ساتھ گزرا میں نے تقریباً 50 فلمیں کیں جن میں سے 30 سے زائد فلموں میں ریمبو میرے ہیرو تھے۔
شادی کی پیشکش کے حوالے سے صاحبہ نے بتایا کہ جب ریمبو نے مجھے شادی کی آفر کی تو اس وقت لاہور پارک میں گانے کی شوٹنگ چل رہی تھی اور میری والدہ نشو بھی وہی موجود تھیں۔
ایسے میں ریمبو نے اپنے ہاتھ پیچھے رکھ کر ایک پھول چھپایا اور میرے سامنے لاکر محبت سے پیش کردیا اور امی سمجھیں کہ شاید یہ بھی گانے کی شوٹنگ چل رہی ہے۔