بدھ, جون 18, 2025
اشتہار

رمیز راجا نے ہوم گراؤنڈ پر شکستوں کا ملبہ بابر اعظم پر ڈال دیا

اشتہار

حیرت انگیز

سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں خراب وکٹوں کی ذمے داری سابق کپتان بابر اعظم پر ڈال دی۔

بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے، کل تک بابر اعظم کو سپر اسٹار اور ان کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملانے والے رمیز راجا نے بابر پر برا وقت آتے ہی گزشتہ تین سال میں ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی تمام شکستوں کا ملبہ سابق کپتان بابر اعظم پر ہی ڈال دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجا نے کہا ہے کہ آسٹریلیا، انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں خراب وکٹوں کے ذمے دار سابق کپتان بابر اعظم ہیں۔ انہیں گیم پلان ترتیب دینے کی اجازت دے رکھی تھی۔ پچز کی تیاری اور کھلاڑیوں کی سلیکشن کپتان کی بنائی گئی حکمت عملی کے مطابق ہی ہوتی تھی۔

رمیز راجا نے کہا کہ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے دوران پچز بابر اعظم کے کہنے پر ہی تیار کی گئی تھیں اور انگلینڈ کے دورے کے موقع پر بھی بابر اعظم کی خواہشات پر پچز بنائیں گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پچز کو جانے بغیر اندازے سے میچ کھیلنے کا نتیجہ سب کے سامنے آجاتا ہے، کیونکہ پچ کو سمجھے بغیر آپ کوئی بھی پلان یا حکمت عملی اپنا ہی نہیں سکتے اور آخر میں وہ چیز آپ کے نقصان کا باعث بنتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی اسی صورتحال سے گزرنا پڑ رہا ہے اور ہوم گراؤنڈ پر شکست کی وجہ بھی یہی ہے کہ پچز اس طرح کا ریسپانس نہیں دیتیں جس طرح کا ٹیلنٹ پاکستان میں موجود ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان نے انگلینڈ کو ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 152 رنز سے شکست دی۔ یہ قومی ٹیم کی ساڑھے تین سال بعد ہوم گراؤنڈ پر پہلی ٹیسٹ فتح تھی۔

بابر اعظم کے دور قیادت میں ایک وقت ایسا بھی گزرا جب پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجا تھے، جنہیں 2022 میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی فائنل میں ناکامی کے بعد عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

اس سے قبل رمیز راجا اپنے وی لاگز، یو ٹیوب چینل اور ٹی وی بیانات میں بابر اعظم کی بھرپور سپورٹ اور انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کا سپر اسٹار کہتے رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں