لاہور: ممتاز کمینٹیٹراور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے،ضرورت ایسے لوگوں کی ہے جو اس ٹیلنٹ کو تلاش کرکے نکھار سکیں
شاہد آفریدی کے انٹرویو کے درمیان متنازعہ بیان نے ملک میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے،ماہرین کرکٹ دو واضح گروپ میں تقسیم ہوگئے ایک شاہد آفریدی کی تائید میں جب کہ دوسرا گروپ اس صورتِ حال کا ذمہ دار شاہد آفریدی کو ٹہراتے ہوئے کافی برہم نظر آتا ہے۔
اس حوالے سے معروف کرکٹ کمینٹیٹر اور پاکستان کے ممتاز سابقہ اوپنر بیٹسمین رمیز راجہ نے کہا کہ اگر ٹیلنٹ نہیں ہے تو اس کی بھی وجوہات ہیں اور اگر ٹیلنٹ ہے مگر آگے نہیں آپارہا تو اس کی بھی وجوہات ہیں دونوں صورتِ حال میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتا ذمہ دار ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے اس موقع پر تجویز دی کہ اچھے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے گراس روٹ لیول پر ایسے لوگوں کو ذمہ داریاں دی جائیں جو ٹیلنٹ دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہوں اور ٹیلنٹ کو نکھار کر آگے لا سکیں۔
رمیز راجہ نے واضح کیا کہ ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کیلئے نچلی سطح پر بہتر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور ایسے لوگوں کو ذمہ داریاں دینے کی ضرورت ہے جو میرٹ پر انتخاب کر سکیں،15 سے 20 سال ہو گئے ہیں لیکن اب تک کرکٹ ٹیم میں شامل 4 سے 5 کھلاڑیوں کا متبادل نہیں مل سکا۔
اگر اسکول کی سطح پر نظام بہتر کیا گیا ہوتا ہے اور ڈومیسٹک لیول سے ٹیلنٹ کو تلاش کر کے انہیں مستقبل کیلئے تیار کیا گیا ہوتا تو آج پاکستان کرکٹ ٹیم کو مشکلات کا سامنا نہ ہوتا۔