قومی ٹیم کے سابق کپتان و کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ لکیر کے فقیر نہ بنیں کہ بس یہی بیٹنگ لائن کھلانی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ فخر زمان سے ٹیم مینجمنٹ اور کپتان بابر اعظم کا افیئر ختم ہونا چاہیے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ فخر زمان کی جگہ کسی اور کو موقع دیں اور افتخار احمد کو بھی اب ریٹائرمنٹ کا سوچنا چاہیے۔
واضح رہے کہ کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں دو روز تک جاری رہنے والے ایک روزہ میچ میں بھارت کے 356 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ 128 رنز پر تمام ہوگئی اور بھارت 228 رنز کے بھاری مارجن سے میچ جیت گیا۔
یہ پاکستان کے خلاف بھارت کی سب سے بڑی فتح تھی جب کہ 228 رنز کی شکست ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی کسی بھی ٹیم کے ہاتھوں دوسری بدترین شکست ہے، پاکستان کی بدترین شکست 234 رنز سے سری لنکا کے ہاتھوں 2009 میں ہوئی تھی۔