کراچی :ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی مساجد کی رونقیں بڑھ گئیں، ملک بھر میں اہل ایمان نے ماہ مبارک کی پہلی تراویح ادا کی جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کے بابرکت مہینے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے، یہ مبارک مہینہ شروع ہوتے ہی مسجدوں کی رونق بڑھ گئی، ایمانی حرارت سے مامور اللہ کے بندوں نے اپنے پروردگار کی رضا کے لیے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ خصوصی عبادات شروع کردیں۔
ملک کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں نماز تراویح کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جہاں ہزاروں فررزندانِ توحید اپنے خالق حقیقی کے آگے سجدہ ریز ہوئے۔ کراچی میں میمن مسجد، ایم اے جناح روڈ، خالق دینا ہال میں تراویح کے بڑے اجتماعات ہوئے، جہاں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
لاہور کی مساجد میں بھی تراویح کی روح پرور اجتماعات ہوئے، جہاں پہلی نمازِ تراویح میں گنجائش سے زائد نمازیوں کی حاضری نے مسجد وں کی رونقیں دوبالا کر دیں، اس دوران سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئےتھے۔
اسلام آباد کی فیصل مسجد میں بھی ہزاروں افراد رمضان کی پہلی تراویح مذہبی جوش وجذبے سے ادا کی، پشاور کی سنہری مسجد میں نماز تراویح کے دوران غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ جہاں بڑی تعداد میں بچوں نے بھی بڑوں کے ساتھ نماز تراویح ادا کیں، اس دوران چھوٹے بچوں کا جذبہ بھی دیدنی تھا۔
اس کے علاوہ ملک بھرکے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں پہلے روزے کے لیے نمازتراویح کے روح پرور اجتماعات ہوئے، بڑی تعداد میں نمازی شریک ہوگئے، جہاں خشوع و خضوع کے ساتھ نماز عشاء کے بعد امت مسلمہ اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے دعائیں کی گئیں۔
نماز تراویح کے بعد سحری کے لیے خصوصی اہتمام شروع کر دیا گیا، گھروں میں خصوصی پکوانوں کی تیاری کی گئی، کراچی سمیت کئی شہروں کے ہوٹلوں پر بھی سحری کے لیے مزے مزے کے پکوان بنائے گئے،رات بھرکھلنے والے ہوٹلوں پر پراٹھوں کی تیاری کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔